ذرائع سے بندہ نہیں مرتا
ارمان صابر
ذرائع سے بندہ نہیں مرتا
ذرائع سے بندہ نہیں مرتا
یہ آواز اچانک میرے کان میں پڑی۔۔۔ یوں تونیوز روم میں کئی آوازیں
گونج رہی ہوتی ہے اور کمال یہ کہ کام کرنے والے اپنے مطلب کی آواز کو سن لیتے ہیں
اور باقی آوازوں کو نظرانداز کرتے ہیں۔
جیسے جیسے نیوز بلیٹن کا وقت قریب آتا ہے آوازوں کی تعداد، ان
کی فریکوئنسی اور ان کی پچ میں بھی تیزی آتی جاتی ہے۔ ٹی وی کی آواز بھی نیوز روم
کی آوازمیں میں مستقل شامل رہنے والی ایک آواز ہوتی ہے جبکہ ایڈٹ کرتے وقت مختلف
ساٹس کی آوازیں بھی نیوز روم کا حصہ ہوتی ہیں۔
یہ تمام آوازیں نیوزروم میں کام کرنےوالوں کی آوازوں کے ساتھ مل
کر عجیب سا ردھم بناتی ہیں۔ یہ بے ربط شور نہیں ہوتا جیسا کسی ہجوم میں، نادرا کےمتعارف
کردہ میگاسینٹرزمیں ہوتاہے، یاکراچی کےصدرپاسپورٹ آفس کے اس کمرے میں جس میں گنجائش
سے زیادہ افراد موجود ہوں، شور بھی کررہے ہوں، اورکسی کو کسی کی بات سمجھ میں بھی نہ
آرہی ہو۔
نیوزروم میں اس کے برعکس ہوتا ہے۔ شور ضرور ہوتا ہے لیکن اس شورمیں
بھی ہر آواز کی اپنی جگہ ہوتی ہے جو جس تک پہنچنا چاہتی ہے پہنچ جاتی ہے۔اور اس کاجواب
بھی اسی شدت سے مطلوبہ شخص تک پہنچ جاتا ہے جبکہ درمیان میں بیٹھے افراد اپنے کام میں
مستقل مصروف رہتے ہیں جیسے وہ انتہائی پرسکون ماحول میں کام کررہے ہوں ۔
دلچسپ بات یہ کہ اگر کسی جملے میں معلومات دینا مقصود ہو تو ایسے
موقع پر جواباً کوئی آواز نہیں آتی جس کا مطلب کہ سننے والوں نے سن لیا اور بتانے
والا اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہوگیا۔
ان ہی آوازوں میں جلدی میں بولے گئے آدھے ادھورے جملے بھی ہوتے
ہیں جنہیں اگر ان کے سیاق و سباق کے سِوا دیکھا جائے اور ایسے جملوں کوکسی دیگرمقام
پرکہاجائے تو آپ کو شدید ردعمل بلکہ ردعمل میں جسمانی تشدد کا سامنا بھی ہوسکتاہے۔
ان آوازوں میں ایسے جملے بھی ہوتے ہیں جو یادگار بن جاتے ہیں یا
جنہیں مختلف محافل میں دہرایاجاتاہے۔
آج ایک اطلاع آئی کہ عدالت کے احاطے میں فائرنگ سے ہلاکتیں ہوئیں
ہیں۔ وسیم احمد بریکنگ کرانے کے لئے دوڑے اور اسائنمنٹ سے کہا کہ اس کے ٹکرز پی سی
آر میں بھجوائیں۔ کون کہہ رہا ہے کہ ہلاکتیں ہوئیں، جواب ملا۔ ذرائع۔ یقیناً وسیم
کو دھچکا لگا۔
اول تو دنیا بھر کے میڈیا میں ذرائع سے خبر کم ہی دی جاتی ہے لیکن
ہمارے ہاں ذرائع نے خاصی جگہ بنالی ہے، ساٹھ سے ستر فیصد خبریں ہی ذرائع کی مرہون منت
ہوتی ہیں۔ لیکن ہلاکت کی خبر ذرائع سے۔۔۔ وسیم نے بے ساختہ کہا ذرائع سے بندہ نہیں
مرتا۔
Bohat ala
جواب دیںحذف کریں