کسی نے گانا گایا تو کوئی کچرے میں جا لیٹا، امیدواروں کے نرالے انداز

کسی نے گانا گایا تو کوئی کچرے میں جالیٹا، امیدواروں کے نرالے انداز

تحریر: نصرت زہرہ انصاری

انتخابات دو ہزار اٹھارہ آگئے۔ گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ۔ اس بار تبدیلی کی لہر نے امیدواروں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، جی جناب ووٹر جاگ گیا ہے ۔ ہر بار آزمائے ہوئے امیدواروں کو عوام نے احتساب کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے۔

ایسے میں جہاں انتخابی میدان میں اترنے والے نئے چہروں  کے لئے راستہ کچھ آسان نظر آنے لگا ہے، وہیں جانے پہچانے چہرے دلچسپ اور نرالے انداز میں انتخابی مہم چلا کر ووٹروں کو گھیرنے میں مصروف ہیں۔

فیصل آباد سے ایک انوکھا آزاد امیدوار سامنے آیا ہے جس نے اپنے انتخابی بینر میں نعرہ لکھا ہے کہ میں حرام نہیں کھاتا، مجھے ووٹ نہ دیں۔ صوبائی حلقہ پی پی ایک سو گیارہ سے آزاد امیدوار محمد عقیل الرحمان کاکہنا ہے کہ اس نعرے کا مقصد یہ ہے کہ عوام ایسے امیدوار کو ہرگز ووٹ نہ دیں جو اقتدار میں آکر حرام کھائے۔ اگر میں ایسا ہوں تو مجھے ووٹ نہ دیں، حکمرانوں کی کرپشن سے تنگ آکر الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں۔

کسی نے گانا گایا تو کوئی کچرے میں جالیٹا، امیدواروں کے نرالے اندازتحریک انصاف کے علی زیدی  کراچی کی سڑکوں پر کبھی ووٹروں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے نظر آرہے ہیں تو کبھی پان کھا کھا کر مخالفین پر تیر برسارہے  ہیں، مقصد یہ ہی ہے کہ کسی طرح ووٹروں کو اپنا میت بنالوں۔ اب  دیکھنا یہ ہے کہ علی زیدی کی یہ حکمت عملی کتنی کامیاب ہوتی ہے۔

پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ووٹ مانگنے کے لئے کسی بھی موقع کو ضائع نہیں کررہے۔ اب تک تو وہ اپنے ووٹروں کو شاعری سنا کر گزارا کررہے تھے لیکن اس بار انہوں نے نغمہ گایا، اب یہ نغمہ کس کے لئے تھا، یہ تو ووٹر ہی بتا سکتے ہیں۔


ملتان این اے ایک سو پچپن میں نوشین جتوئی عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے پہلی خاتون امیدوار ہیں جن کو ٹکٹ ملا ہے۔ نوشین جتوئی اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل پر انتخابی مہم چلارہی ہیں اور گھر گھر جاکر ووٹ مانگ رہی ہیں۔  نوشین جتوئی کا کہنا ہے کہ  اگر میں منتخب ہوئی تو ملتان میں سب سے پہلے نکاسی آب کی صورتحال پر توجہ دیں گی۔

کراچی کے تین حلقوں سے کھڑے ہونے والے معروف سیاسیدان فاروق ستار جہاں جاتے ہیں لوگ ان کے ساتھ تصاویر کھنچواتے ہیں لیکن انتخابی مہم شروع ہوئی تو انہوں نے اپنے ساتھ تصویر کھنچوانے کی قیمت ڈھائی سو ووٹ رکھ لی ہے ۔ یعنی اب جو ان کے ساتھ تصویر کھنچوانا چاہتا ہے ان کو حلف دے گا کہ اپنے ووٹ کے ساتھ مزید ڈھائی سو لوگوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے راضی کرے  گا۔

کراچی سے ایک آزاد امیدوار کے منفرد انداز نے تو سب کو حیران کردیا۔  امیداور ایاز میمن موتی نے میگا سٹی کراچی کے اہم مسائل اجاگر کرنے کے لئے ایسی ویڈیو بنائی کہ جس میں وہ  قومی جھنڈے کے ساتھ گندے پانی میں لیٹے نظر آتے ہیں، کہیں کچرے کے ڈھیر میں کھڑے اور کہیں کچرے کے ڈبے میں ہی جا کر تصویر کھنچواتے ہیں۔  ایاز میمن کا کہنا ہے کہ انوکھے انداز سے انتخابی مہم چلانے کا مقصد یہی ہے کہ ووٹر ووٹ دینے سے پہلے ان مسائل کو اپنے ذہن میں رکھے۔


کسی نے گانا گایا تو کوئی کچرے میں جالیٹا، امیدواروں کے نرالے انداز

راولپنڈی میں مشہور و معروف عوامی  سیاسی رہنما شیخ رشید یوں تو کئی بار عوامی نمائندے بن چکے ہیں لیکن اس بار وہ عزم کئے ہوئے ہیں کہ تبدیلی لاکر رہیں گے، اس لئے وہ راولپنڈی کی تنگ گلیوں میں کبھی موٹرسائیکل پر گھوم کر عوام میں گھل مل کر ووٹ مانگتے نظر آتے ہیں کبھی تندور پر روٹیاں لگاتے نظر آتے ہیں۔  

یہ سارے انوکھے انداز کتنے کامیاب ہوتے ہیں اور ووٹروں کو کتنا راغب کرتے ہیں، پچیس جولائی کو سب سامنے آجائے گا۔



اس تحریر کی مصنفہ نصرت زہرہ انصاری ابھرتی ہوئی صحافی ہیں۔ وہ نیوز چینل سے منسلک ہیں اور ساتھ ہی مختلف ویب سائٹس، اخبارات و جرائد کے لئے بلاگز اور کالم بھی تحریر کرتی ہیں۔ نصرت زہرہ انصاری سے ٹوئیٹر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ 


مندرجہ بالا تحریر ویب سائٹ کی ایڈیٹوریل پالیسی کی عکاس نہیں اورویب سائٹ کا بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.