پہلا خلائی جہاز سورج کے تحقیقی مشن پر


امریکی خلائی ادارہ ناسا سورج کی جانب پہلا خلائی جہاز بھیج رہا ہے جو ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ ایک گاڑی کی جسامت کا خلائی جہاز جسے پارکر سولر پروب کا نام دیا گیا ہے سات سال خلا ئی مشن پر رہے گا۔

یہ خلائی جہاز امریکی ریاست فلوریڈا کے لانچنگ پیڈ سے سورج کے تحقیقاتی مشن پر امریکی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح ساڑھے تین بجے بھیجا جا ئے گا۔  خلائی مشن کا مقصد سورج کے گرد  کے ماحول کرونا  کے اسرار و رموز کا مشاہدہ کرنا ہے۔

سورج کے گرد ماحولیاتی پرت کرونا سورج کی سطح کے درجہ حرارت سے تین سو گنا گرم تر ہے۔ کرونا نہ صرف گرم تر ہے بلکہ اس میں ہونے والی تبدیلیوں سے پلازما اور دیگر طاقتور شعاعیں خلائی طوفانوں کا باعث بنتی ہیں اور زمین کی سطح پر بھی مقناطیسی قوت کے ذریعے ہلچل مچاتی ہیں۔

پراجیکٹ پر کام کرنے والے ماہر پروفیسر جسٹن کاسپر کا کہنا ہے کہ خلائی مشن پر جانے والا پارکر سولر پروب ہمیں یہ جاننے میں مدد فراہم کرے گا کہ گرم شمسی ماحول میں تبدیلی زمین پر کب اور کس طرح اثر انداز ہوسکتی ہیں۔

گاڑی کی جسامت کے خلائی جہاز پر ساڑھے چار انچ موٹا انتہائی طاقتور خول چڑھایا گیا ہے جو بہت ہی زیادہ حرارت برداشت کرنے کے قابل ہے۔ اس طاقتور خول کے ساتھ خلائی جہاز پارکر سولر پروب سورج کی سطح کے اکسٹھ لاکھ کلومیٹر قریب تک جا سکتا ہے۔  زمین کا سورج سے فاصلہ چودہ کروڑ چھیانوے لاکھ کلومیٹر ہے۔

یہ توقع کی جا رہی ہے کہ سورج سے اتنا قریب ہونے پر پارکر سولر پروب کو سورج سے ایک ہزار تین سو اکہتر ڈگری سینٹی گریڈ تک حرارت مل سکتی ہے اور خلائی جہاز پر چڑھایا گیا خول اتنی زیادہ حرارت جھیلنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو اتنی زیادہ حرارت کے باوجود خول کے اندر خلائی جہاز میں درجہ حرارت انتیس ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

خلائی جہاز میں موجود ڈیوائسز سورج کے گرد ماحولیاتی پرت کرونا کے پھیلاؤ کی پیمائش کریں گی اورسورج سے اٹھنے والی مقناطیسی شعاعوں اورتبدیل ہوتے ماحول  کو جانچیں گی جنہیں شمسی ہوائیں کہا جاتا ہے۔

خلائی جہاز سورج کی اور شمسی ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں کی قریب سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تصویریں بھی لے گا۔ سورج کے قریب پہنچ کر خلائی جہاز کی رفتار سات لاکھ کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی یعنی یوں سمجھیں کہ نیویارک سے ٹوکیو تک کا سفر ایک منٹ میں طے کرے گا۔

1 تبصرہ:

  1. امریکی خلائی ادارہ ناسا سورج کی جانب پہلا خلائی جہاز بھیج رہا ہے جو ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ ایک گاڑی کی جسامت کا خلائی جہاز جسے پارکر سولر پروب کا نام دیا گیا ہے سات سال خلا ئی مشن پر رہے گا۔
    rides

    جواب دیںحذف کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.