کراچی،بلدیہ ٹاون میں14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ،مکینوں کا احتجاج



کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون میں  بجلی کی یومیہ چودہ گھنٹے اعلانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے مکینوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بجلی کی بندش کے خلاف آئی بی سی بلدیہ کے دفتر کے باہر جمع ہو گئی اور پرامن احتجاج کیا۔ مظاہرے میں مسلم لیگ نون، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی قائدین بھی شریک ہوئے۔

 مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور پوسٹر تھامے ہوئے تھے اور وہ  کے الیکٹرک کے خلاف  نعرے  لگارہے تھے۔ مسلم لیگ نون پی ایس  ایک سوپندرہ کےصدر سلمان خان، پی ایس  ایک سو سولہ کے صدر طارق علی خان اور نواز اعوان نے ارباب اختیار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بہتر گھنٹے میں غیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔

  لیگی  رہنما سلمان خان نےکہا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور بل زیادہ آنے سے عوام   پریشان ہیں، اگر کے الیکٹرک حکام نےمسائل حل نہ کیے  تو پیر کو  آل بلدیہ پولیٹیکل الائنس  آئی بی سی کا گھیراؤ کرے گا اوربڑا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کے الیکٹرک کی  من مانیوں کے آگے سندھ حکومت اور وفاق بے بس ہیں۔ 

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.